ویمنز ٹی 20: پاکستان وائٹ واش سے بچ گیا، افریقہ کو تیسرے میچ میں شکست
بینونی: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 53 رنز سے شکست دے دی۔
بینونی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔
کپتان فاطمہ ثناء 47 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، سدرہ امین اور عالیہ ریاض 26، 26 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم نے شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے چار رن آؤٹ کیے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 16.5 اوورز میں 91 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، سعدیہ اقبال نے 3، فاطمہ ثناء نے 2 اور عائشہ ظفر نے ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان ٹیم نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین رن آؤٹ کیے۔
پاکستان کی فتح کے باوجود تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 1-2 سے جنوبی افریقہ کے نام ہوگئی۔