محی الدین وانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر تعینات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بدانتظامی کے نوٹس کے بعد سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو ایڈہاک صدر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
سابق صدر کا استعفیٰ منظور کرنے کے ساتھ وزیراعظم نے فیڈریشن میں انتخابات کرانے کی ہدایت بھی کی، پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے متعلق پی ایس بی کی تحقیقاتی رپورٹ میں بھی فیڈریشن کو قصور وار قرار دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ وزیراعظم کے دفتر کو ارسال کی، جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو آسٹریلیا میں بدانتظامی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیم کو 2 فروری کو لاہور سے روانہ ہونا تھا اور 4 فروری کو ہوبارٹ پہنچنا تھا، لیکن ویزا درخواستوں میں تاخیر اور غلطیوں کی وجہ سے شیڈول پرواز منسوخ ہوگئی۔
نئے ٹکٹس بنوانے پر پی ایس بی نے 2 کروڑ 71 لاکھ روپے اضافی خرچ برداشت کیا، جبکہ ویزا پراسیس میں مزید 97 لاکھ روپے کا مالی بوجھ بھی پی ایس بی نے اٹھایا۔ آسٹریلیا میں ٹیم کی رہائش کے لیے 49 ہزار 280 ڈالر پیشگی فراہم کیے گئے، لیکن ٹیم کو ڈبل ٹری بائی ہلٹن ہوٹل میں قیام نہ دیا گیا، جس کے لیے رقم پہلے ہی جاری کی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کو یومیہ 115 امریکی ڈالر فی کس الاؤنس بھی دیا گیا، جبکہ دیگر اخراجات کے لیے تقریباً 3 ہزار امریکی ڈالر فراہم کیے گئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم 5 فروری کو روانہ ہوئی اور 7 فروری کو ہوبارٹ پہنچی، جس دوران 6 سے 14 فروری تک ٹیم کے لیے متبادل رہائش کا انتظام کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈریشن میں بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے محی الدین وانی کو ایڈہاک صدر تعینات کیا اور فیڈریشن میں انتخابات کرانے کی ہدایت دی، تاکہ ہاکی کے معاملات شفاف انداز میں چلائے جا سکیں۔