سلطانز کی نمائندگی شاندار تجربہ رہی، پی ایس ایل مضبوط لیگ ہے: سمتھ

کراچی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کو شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہاں اپنے وقت سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

کراچی میں راولپنڈیز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سٹیو سمتھ نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ ملتان سلطانز کے ساتھ بہت اچھا گزرا ہے اور ٹیم نے شاندار کرکٹ پیش کی ہے۔

اپنے اوپننگ کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پوزیشن میرے کھیل کے انداز کے مطابق ہے کیونکہ اس میں پاور پلے کے دوران زیادہ موقع ملتا ہے۔

سمتھ نے پی ایس ایل کو ایک مضبوط اور باصلاحیت لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر ٹیم میں معیاری کھلاڑی موجود ہیں اور مقابلہ انتہائی سخت ہے۔

ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑیوں کے حوالے سے انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ ’میں خود نوجوانوں سے سیکھ رہا ہوں، وہ مجھے سب کچھ سکھا رہے ہیں، اور اگر کسی نوجوان کھلاڑی کو مجھ سے مشورہ چاہیے تو میں ہمیشہ مدد کیلئے موجود ہوں۔

سمتھ نے مزید کہا کہ ٹیم کا ہدف آخری میچز میں بہتر کارکردگی دکھا کر ٹاپ ٹو میں جگہ یقینی بنانا ہے، انہوں نے پاکستان میں مہمان نوازی اور ملتان سلطانز کے ماحول کو بھی سراہا، اور کہا کہ تماشائیوں کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں