ویمنز ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گے

دبئی: (دنیا نیوز) ویمنز ایشیا کپ 2026 میں آج پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ میں بھارت نے اب تک اپنے ابتدائی دو میچز میں تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کو بالترتیب 94 اور 137 رنز سے شکست دی ہے اور گروپ اے میں سرفہرست ہے جبکہ پاکستان نے اپنے واحد میچ میں تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل بھارتی آل راؤنڈر دپتی شرما نے اپنی ٹیم کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی توجہ حریف کے بجائے اپنی مضبوطیوں پر مرکوز ہے۔

پری میچ پریس کانفرنس میں دپتی شرما نے پاکستان کے سپن بولنگ اٹیک کو بھی سراہا اور خاص طور پر نشرہ سندھو اور سعدیہ یوسف کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بولرز اچھے ہیں، تاہم بھارتی ٹیم اپنی طاقت پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ایک اچھے برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں کے باہمی ریکارڈ میں بھارت کو واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 17 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں بھارت نے 14 اور پاکستان نے 3 میچز جیتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کی ویمنز ٹیمیں ایشیا کپ 2026 کے اہم میچ میں آج 5 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، جہاں دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنی اچھی فارم برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...