جنسی ہراسانی کی شکایات، بھارتی ہاکی امپائر کو ایشین گیمز سے واپس بھیج دیا گیا

ناگویا: (دنیا نیوز) بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل آفیشل گُرِندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی متعدد شکایات کے بعد جاپان سے واپس بھارت بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گُرِندر سنگھ سنگھا نے مبینہ طور پر ناگویا میں قیام کے دوران ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ایک ہوٹل ملازم کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔

ہاکی انڈیا کے عہدیدار نے بھارتی میڈیا کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملائیشیا کی ایک خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کو 2 روز قبل واپس بھارت بھیج دیا گیا ہے۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اے ایچ ایف کی رپورٹ منفی ہوئی تو یقینی طور پر ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، اگر وہ قصوروار پائے گئے تو انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔

ایشین گیمز میں ہاکی مقابلوں کے لیے امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کا تقرر ایشین ہاکی فیڈریشن کرتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارتی امپائر کے خلاف ایسی شکایت سامنے آئی ہو، 2025 میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔

اس کے بعد ہاکی انڈیا نے الزامات کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم تحقیقات کے دوران کمیٹی کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...