بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرانے کیلئے دائر درخواست پر سماعت آج

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرانے کے حوالے سے درخواست پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے خوراک میں مبینہ طور پر زہر دینے کے خدشے کے پیش نظر شوکت خانم ہسپتال یا مرضی کے پرائیویٹ ہسپتال سے طبی معائنہ کرانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ بشریٰ بی بی کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ اور نکاح کیس میں انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بنی گالہ سب جیل میں قید ہیں، بنی گالہ سب جیل بشریٰ بی بی کی زندگی کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے، بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر ملا کر دیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا بشریٰ بی بی کو جسمانی، ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے کمرے میں آڈیو بگز اور خفیہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو ان کی پرائیویسی کیخلاف ہے، عدالت بشریٰ بی بی کا شوکت خانم یا کسی اور نجی ادارے کے ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرانے کے احکامات دے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں