ایرانی صدر کی کل کراچی آمد پر کون کون سی سڑکیں بند رہیں گی؟ ٹریفک پلان جاری

کراچی: (دنیا نیوز) ایرانی صدر کی آمد پر کراچی کی کون کون سی سڑکیں بند رہیں گی؟ ٹریفک پولیس نے پلان جاری کردیا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وفد کی شہر قائد آمد پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، ایرانی صدر کل کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں کریں گے، اس موقع پر صوبائی وزرا و دیگر بھی موجود ہوں گے۔

شہر میں اعلیٰ سطح کے وفد کی نقل و حمل کے دوران شہریوں کی آسانی کیلئے پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا، سکیورٹی وجوہات پر کچھ سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں گی، کلب روڈ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول تک مکمل بند رہے گی۔

پلان کے مطابق ڈاکٹر ضیا الدین روڈ اور سگنل سے پی آئی ڈی سی چوک تک مکمل بند ہوگا، سلطان آباد سے آنے والی ٹریفک ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے ایوان صدر روڈ جائے گی، شارع فیصل سے سلطان آباد آنے والے کلب چوک سے بائیں جانب کا روڈ استعمال کرسکیں گے۔

شہری کلب چوک سے بائیں جانب سے کلفٹن برج اور بورٹ بیسن جا سکیں گے، شہری میٹروپول سے فوارہ چوک اور ایوان صدر کی طرف جا سکیں گے، شاہین کمپلیکس سے آنے والے کھجور چوک سے دائیں جانب ٹرن لیں گے، شہری ایوان صدر روڈ، میٹروپول، کلفٹن اور دیگر علاقوں کی جانب جا سکیں گے۔

ایرانی صدر کی پاکستان آمد پر کراچی میں بھی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں