آئین وزیر اعظم کو پابند کرتا ہے کہ صوبے کے مسائل حل کریں: سعید غنی

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو آئین انہیں پابند کرتا ہے کہ صوبے کے مسائل حل کریں۔

پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم کا آج دورہ ہوا، وزیراعظم جب صوبہ سندھ آتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، آج ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم نے ہماری بات سنی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی مسائل تھے ان پر وزیراعظم سے بات ہوئی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام مسائل پر متعلقہ وزیر وفاق کے ساتھ مل کر مسائل حل کرے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اچھا کام ہوا ہے، صوبائی وزیر کی خواہش پر وزیراعظم نے صوبے کو 150 بسیں دینے کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بجلی اور گیس کے حوالے سے بھی تفصیلی بات ہوئی، وزیراعظم سے بجلی چوری اور اوور بلنگ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں