متحدہ عرب امارات کے حکمران نمائندے کے انتقال پرشہباز شریف کی اظہارِ تعزیت

اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے حکمران نمائندے اور شاہی خاندان کے ایک اہم عہدیدار شیخ طہنون بن محمد النہیان گزشتہ روز انتقال کر گئے،ان کی عمر 82 برس تھی ،  اماراتی حکومت نے ان کے انتقال پر 7 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اماراتی شہر العین میں حکمران نمائندے شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر  وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایک بیان میں شیخ طہنون کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دعائیں متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک یو اے ای مضبوط تعلقات استوار کرنے میں شیخ طہنون کو یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم  نے دعاکی اللہ رب العزت شیخ طہنون بن محمد النہیان کو ابدی سکون عطا فرمائے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق شیخ طہنون بن محمد النہیان متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کے قریبی ساتھی تھے ۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں