پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے: مریم نواز

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، اس موقع پر ڈونلڈ بلوم نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مریم نواز کو مبارکباد پیش کی، امریکی سفیر نے عوام دوست پراجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کروانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی قابل ستائش ہے، امریکا غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے، ایگریکلچر، انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبہ میں امریکا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے، حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور سستی روٹی فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے، عوام کو بنیادی حقوق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں