معیاری تعلیم اور بہتر علاج کا انحصار ٹیکس دہندگان پر ہے: وزیر خزانہ پنجاب

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ سکولوں میں معیاری تعلیم اور ہسپتالوں میں بہتر علاج کا انحصار ٹیکس دہندگان پر ہے۔

وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت وزراء کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن 2024-25 کا پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافے کے لیے ٹیکس ڈیپارٹمنٹس کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ وسائل میں اضافے کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں، کوئی بھی جمہوری حکومت عوام کی مشکلات میں اضافے کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکتی، ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ کی بجائے نادہندگان کو ادائیگی پر آمادہ کیا جائے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ محصولات میں اضافے کے لیے وصولیوں کے میکانزم کو بہتر بنایا جائے، عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے، شہریوں کو ٹیکس کی ضرورت اور اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کا مقصد عوام کے مسائل میں کمی لانا ہے، ٹیکس دہندگان گڈگورننس میں حکومت کے سٹیک ہولڈرز ہیں، شہری اپنا واجب الادا ٹیکس ادا کر کے اپنی ذمہ داری پوری کریں، حکومت تعلیم کے معیار اور صحت کی سہولیات میں بہتری لائے گی۔

وزیر خزانہ پنجاب نے ٹیکس محکموں کو ہدایت کی کہ محکمے نئے ٹیکس متعارف کروانے کی بجائے پہلے سے لاگو ٹیکس کی وصولیوں کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس صہیب احمد بھرتھ، صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شریک تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں