مہنگائی میں کمی اچھی خبر ہے: وزیراعظم، پٹرول مزید سستا کرنے کا اشارہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دے دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دوسال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے، 16 ماہ میں جو محنت کی نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی۔

شہبازشریف نے کہا کہ سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں