وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے صدر علییوف کیلئے جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے آذربائیجان کو کاپ 29 سربراہی اجلاس کیلئے میزبان کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگلے ہفتے آذربائیجان کے ماحولیات کے وزیر کے استقبال کا منتظر ہوں، وزیراعظم نے تعلقات کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک اعلیٰ سطح کا وزارتی وفد باکو بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پاکستان جلد از جلد پاکستان آذربائیجان مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کیلئے بھی تیار ہے۔

اس موقع پر آذری سفیر خضر فرہادوف نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا اور کہا کہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ کا رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے باکو طرز پر تعمیرات کے خواہاں ہیں، وزیراعظم نے اسلام آباد اور باکو کے درمیان سسٹر سٹی معاہدے کی تجویز بھی دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں