ڈاکٹر احمرسہیل بسرا نے ریڈیو پاکستان لاہور کے نئے سٹیشن ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا

لاہور ( ویب ڈیسک) ڈاکٹر احمر سہیل بسرا نے ریڈیو پاکستان لاہور کے نئے سٹیشن ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا ہے ۔

 ریڈیو پاکستان کے مایہ ناز آفیسر دانشور ڈاکٹراحمر سہیل بسرا اس سے قبل ریڈیو پاکستان گلگت بلتستان سٹیشن کے سٹیشن ڈائریکٹر کے فرائض سر انجام دے رہے تھے ۔

ڈاکٹراحمر سہیل بسرا نے اپنے تعلیمی کیریئر کا آغاز ایف سی کالج لاہور سے ابلاغیات اور معاشیات کے مضامین میں گریجوایشن سے کیا، بعد ازاں انہوں نے جامعہ پنجاب لاہور سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کی ڈگری امتیازی نمبروں سے حاصل کی۔ انکا شمار پاکستان کے نامور مقررین میں ہوتا ہے، بے شمار نیشنل انٹرنیشل تقریری مقابلوں میں کامیابیاں سمیٹیں۔

ان کی پہلی تعیناتی ریڈیو پاکستان لاہور میں 2002 میں ہوئی ، 2003 میں ورلڈ سروس اسلام آباد میں فرائض سر انجام دینے کے بعد 2004 سے 2014 تک ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئیر پروڈیوسر کے طور پر فرائض سر انجام دیتے رہے اور اس دوران عالمی شہرت کے حامل پروگراموں سوہنی دھرتی اور پنجابی دربار میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

علاوہ ازیں کرنٹ افیئرز اور ڈرامہ کے حوالے سے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا، بطور پروگرام منیجر 2014 میں اسلام آباد اور اور 2016 میں لاہور تعینات رہے، ترقی کے بعد سٹیشن ڈائریکٹر کے طور پر 2017 تا 2022 گلگت اور 2022 تا 2024 سکردو سٹیشن پہ فرائض سر انجام دیئے۔

ڈاکٹراحمر سہیل بسرا نے میڈیا سٹڈیز کے مضمون میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں بھی حاصل کررکھی ہیں، وہ سکرین پلے رائٹنگ پر ویزیٹنگ لیکچرر کے طور پر ملک کے نامور کالجوں اور یونیورسٹیوں میں لیکچرز بھی دیتے ہیں۔

2016 میں ان کے ریڈیو ڈرامہ "حق اور حوصلہ" نے بہترین پروڈیوسر اور بہترین ساونڈ ایفیکٹس کے ایوارڈز جیتے، آئی ایس پی آر ڈرامہ فیسٹیول میں فرسٹ پرائز جیتا، ایشیاء پیسیفک براڈکاسٹنگ یونین ڈرامہ فیسٹیول میں سپیشل جیوری پرائز حاصل کیا ۔

ڈاکٹراحمر سہیل بسرا نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے با صلاحیت رفقائے کار کے ہمراہ، ڈائریکٹرجنرل سعید احمد شیخ اور ڈائریکٹر پروگرامز راحیلہ تسنیم کی رہنمائی میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور ریڈیو پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ریڈیو کے احیاء کے لئے اپنی حتی المقدور کوششیں جاری رکھیں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں