حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، بات چیت جاری ہے: یوسف رضا گیلانی

لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، ہم حکومت کے اچھے کاموں میں انہیں سپورٹ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حکومت میں شمولیت کیلئے بات چیت جاری ہے، ایسا نہیں کہ حکومت کی پیٹھ پر چھرا گھونپیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ایک بحران سے گزر رہی ہے، ہمارا مقابلہ دہشتگردی اور انتہا پسندی سے ہے، مشرقی اور مغربی سرحدوں پر دباؤ ہے، تمام سٹیک ہولڈر کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔

رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کسانوں کے معاملے میں مڈل مین نے پیسے کما لئے، اس سے کسانوں کا نقصان ہوا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے حق میں ہے، جب بجٹ کے خدوخال بنیں گے تو پیپلز پارٹی اپنی اس پالیسی کے مطابق حکومت کو مشورہ دے گی، جو بھی بجٹ پیش کرے وہ نوجوان اور کسان دوست ہونا چاہیے، کوئی بھی بل یا قانون اکثریت سے پاس ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں