پنجاب کابینہ نے سکھ میرج ایکٹ کی منظوری دے دی

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سکھ میرج ایکٹ کی منظوری دے دی ہے۔

ڈی جی پی آر میں وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سکھ میرج ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا، سکھ میرج ایکٹ کے حوالے سے پوری دنیا میں مریم نواز کی ستائش کی جارہی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہت سارے ممالک ہمیں سکھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اقلیتوں کے کیا حقوق ہیں، مذہبی اقلیتیں ہمیشہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ترجیح رہی ہیں، پنجاب حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو معلوم ہے عام آدمی کا مسئلہ مہنگائی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب آٹے کی قیمتوں میں کمی لائیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششوں سے مہنگائی میں کمی آئی، مریم نواز نے کل 400 ارب روپے کے کسان کارڈ کی منظوری دی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اپنا گھر اپنی چھت پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی، پراجیکٹ کے تحت پنجاب میں ایک لاکھ گھر بنیں گے، اپنا گھر اپنی چھت پراجیکٹ کا افتتاح 14 اگست کو ہو گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ، ہم الیکٹرک بائیکس دے رہے ہیں ، جن بچیوں نے اپلائی کیا سب کو الیکٹرک بائیکس ملیں گی، اوورسیز کیلئے آن لائن سسٹم وضع کردیا گیا ہے، امریکا ،یوکے، کینیڈا اور دیگر ممالک میں سہولت دی گئی ہے، میرٹ پر تمام بورڈز تشکیل دیئے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پنجاب میں 100 نئے منصوبے شروع کیے،مریم نواز نے وہ تمام منصوبے شروع کیے جن کا وعدہ نہیں تھا،یہ سب کام وہی وزیراعلیٰ کر سکتا ہے جس کا ہاتھ عوام کی نبض پر ہو۔

وزیر اقلیتی امور سرداررمیش سنگھ اروڑا

وزیر اقلیتی امور سرداررمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق وزیراعلیٰ مریم نواز کی پہلے دن سے ترجیح تھے، ایسٹر پر 10ہزار خاندانوں کیلئے گرانٹ دی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز نےبابا گرونانک جاکر وہاں گندم کاٹی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5سال کے دوران سکھ میرج ایکٹ کے رولز نہیں بنائے گئے ، جیسے ہی ہماری حکومت آئی سکھ اور ہندو میرج ایکٹ کے رولز پر کام کیا، بھارتی پنجاب کا میڈیا بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کے اس عمل کو ہائی لائٹ کررہا ہے، انڈین میڈیا کہہ رہا ہے پاکستان اقلیت دوست ملک ہے۔

رمیش سنگھ اروڑا نے مزید کہا کہ ہم نے پہلا سکھ میرج ایکٹ پاس کرلیا ہے، ہندومیرج ایکٹ کے رولز پر بھی کام کررہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کارکردگی کی بات کرتی ہیں، میرا ڈیپارٹمنٹ اگلے پانچ سال کا روڈمیپ بنانے جارہا ہے، سکھ ازم کی بنیاد پاکستان سے ہے، ہم نے اپنی ثقافت کو بچانا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں