اسلام آباد: ٹریل فائیو پرلاپتہ ہونیوالے طحٰہ کی لاش کھائی سے مل گئی

اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد کے ٹریل فائیو پرہفتے کو لاپتہ ہونے والے بچے طحٰہ کی لاش مل گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق بچے کی لاش کی نشاندہی فارسٹ اور انوائرمنٹ کے لوگوں نےکی ، جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ بچے کی لاش ایک گہری کھائی میں سے ملی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ بچہ اس میں گر گیا تھا ۔

پولیس اور ریسکیو کے لوگ تاحال لاش کو نکالنے میں ناکام ہیں ، بچے کی لاش کو نکالنے کے لیے لوہے دندی والا راستہ استعمال کیا جائے گا جبکہ والدہ اور لواحقین موقع پر پہنچ چکے ہیں تاکہ لاش کی شناخت کر سکیں۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن حسن جہانگیر وٹو کاکہنا ہے کہ بچے کی ڈیڈ باڈی دشوار کھائی میں موجود ہے، بچے کی تمام چیزیں بیگ موبائل چھتری وغیرہ مل گئی ہے، بچے کی لاش ڈی کمپوز ہو رہی ہے اس لئے رسیوں سے لانا ممکن نہیں ، رسی سے لانے کی کوشش کی گئی تو باڈی ایکپلوڈ ہوسکتی ہے اس لیے ہیلی کاپٹر سے لاش نکالنے کی آپشن پر غور کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے مارگلہ ہلز کے ٹریل فائیو میں طالب علم پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا تھا،  طلحہ دوستوں کے ہمراہ ہائیکنگ کی غرض سے گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں طلحہ کی گمشدگی کے حوالے سے خبر سامنے آئی جس پر پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا، پولیس نے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کر کے طحہ  کی تلاش شروع کر دی، ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا ، جبکہ ریسپانس ٹیم، مارگلہ پیٹرول اور ڈرون کیمروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق طلحہ اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹریل 5 پر گیا تھا، تاہم دوستوں سے بچھڑ گیا، جبکہ طلحہ کے دوستوں کی جانب سے گھر فون کر کے پوچھا گیا تھا کہ طلحہ گھر آ گیا یا نہیں۔

 یاد رہے کہ دو ہفتے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ہلز پر بنے ٹریکس پر جانے والوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی پٹرولنگ شروع کروائی تھی۔

پولیس پٹرولنگ کے لیے چھ موٹر سائیکلیں، 60 اہلکار اور آٹھ گھوڑوں پر مشتمل پٹرولنگ ٹیم بنائی گئی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں