3سال میں سائبر کرائم کے 4ہزار مقدمات درج ہوئے: تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

اسلام آباد:(دنیا نیوز) تین سال میں 2لاکھ 46ہزار سائبر کرائم کی شکایت موصول، 4ہزار مقدمات درج ہوئے، تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں سائبر کرائم کے واقعات کی تعداد میں اضافے کے معاملہ پر وزارت داخلہ نے سائبر کرائم  کے متعلق گزشتہ تین سالوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کردیں۔

وزارت داخلہ کی دستاویز کے مطابق گزشتہ تین سال کےدوران سائبر کرائم سے متعلق 3لاکھ86ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، چھان بین کےدوران 2لاکھ 46ہزار شکایات کی تصدیق ہوئی، سائبر کرائم واقعات پر 48 ہزار شکایات پر انکوائریاں کی گئیں۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ دوران انکوائری 4 ہزار سے زائد ملزمان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے، گزشتہ تین سال کےدوران سائبر کرائم پر 178 افراد کو سزائیں ہوئیں اور 367 کو بری کردیا گیا۔

اسی طرح سال 2021 میں ایک لاکھ 15 ہزار 868 شکایات موصول ہوئیں،80803 شکایات کی تصدیق ہوئی، 15 ہزار 766 انکوائریاں کی گئیں، 1223ایف آئی آرز درج کی گئیں،48 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

دستاویز میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سال 2022 میں ایک لاکھ 36 ہزار 24 شکایات موصول ہوئیں،83552 کیسز کی تصدیق ہوئی،14380 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں، 1469ایف آئی آرز ہوئیں، 48کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

علاوہ ازیں سال 2023 میں ایک لاکھ 34 ہزار 710 شکایات موصول ہوئیں، 82396کیسز کی تصدیق ہوئی،18012 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں ، 1375کیسز کی ایف آئی آرز ہوئیں، 92 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں