لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا

لاہور : (دنیانیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ۔

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا کی تقرری کے خلاف درخواست منظور کرلی ، جسٹس عاصم حفیظ نے چیئرمین نادرا کی تقرری کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنایا۔

جسٹس عاصم حفیط نے  فیصلے میں کہا کہ عدالت چیئرمین نادرا کی تعیناتی کالعدم قرار دیتی ہے، عدالت درخواست کو منظور کرتی ہے ۔ 

عدالت نے فیصلے کی نقل وفاقی کابینہ اور وزارت داخلہ کو بھجوانے کا حکم بھی جاری کیا۔

جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ چیئرمین نادرا کی تعیناتی قانونی جواز کے بغیر ہے، مجاز اتھارٹی نے وہ اختیار استعمال کیے جو قانون نے تفویض نہیں کئے ۔

بعدازاں جسٹس عاصم حفیظ نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کا 30 صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں شہری اشبا کامران نے چیئرمین نادرا کی تقرری کو چیلنج کررکھا تھا۔

درخواست گزار کی جانب سے  مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نگراں حکومت نے نادرا قانون میں ترامیم کرکے حاضر سروس آرمی افسر کو تقرر کرنے کی منظوری دی، نگران حکومت مستقل پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نادرا ترمیمی رولز کو کالعدم قرار دے،  اور حاضر سروس فوجی افسر کی بطور چیئرمین نادرا تقرری کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے اکتوبر 2023 میں اس وقت جنرل ہیڈکوارٹز (جی ایچ کیو) میں تعینات آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں