پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے لاپتہ دونوں بھائی 92 دن بعد گھر پہنچ گئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی تصدیق کی ہے کہ ان کے لاپتہ دونوں بھائی پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور مشوانی گزشتہ رات 2 بجے گھر پہنچ گئے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر انہوں نے کہا کہ میرے دونوں بھائیوں پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور مشوانی کو رات 2 بجے ریلیز کر دیا گیا، ان معصوم شہریوں کو 6 جون سے 6 ستمبر تک یعنی 92 دن اغواء رکھا گیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما اظہر مشوانی نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ اللہ پاک تمام جبری گمشدہ افراد کو جلد از جلد ان کے اہل خانہ سے باحفاظت واپس ملوائیں، تمام پاکستانیوں خصوصاً ہمارے وکلا، رپورٹرز، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور انصافینز کی محنت اور دعاؤں کے ہم شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز علی رضوی کا بھی تہہ دل سے شکریہ جنہوں نے کیس کو غیرضروری التواء میں نہیں ڈالا اور میرٹس پر قانون کے تحت چلایا۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں اظہر مشوانی کے دونوں بھائیوں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا تھا اور عدالت نے پی ٹی آئی فوکل پرسن اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کا حکم دیا تھا۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دونوں بھائیوں کے مبینہ اغوا کی شدید مذمت کی گئی اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں