کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اسلام آباد کوکنٹینرز لگا کربند کرے : دانیال چودھری

اسلام آباد : (دنیانیوز) رہنما مسلم لیگ ن دانیال چودھری کاکہنا ہے کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اسلام آباد کو کنٹینرز لگا کربند کردے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن رہنما دانیال چودھری نے کہا کہ آج پاکستان مشکل وقت،بحرانوں سے گزررہا ہے، ہم نے گزشتہ  4سال میں دنیا کے سامنے کرپشن کے علاوہ کوئی نعرہ لگایا ہی نہیں، جب بیرون ملک کےتاجر،کرکٹرز یہاں پہنچتے ہیں تو پورے اسلام آباد کو سیل کردیتے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی جتھہ آ کر اسلام آباد کو اپنے حصار میں لے لے۔

انہوں نے کہا کہ سب لوگوں سے سوال کرتا ہوں یہ بل وقت کی ضرورت ہے یا نہیں؟ ایک سوچ چل سکتی ہے وہ ہے پاکستان کو آگے لے جانے کی، کوئی بھی جماعت دارالحکومت کو بند نہیں کرسکتی، ایک حدود میں احتجاج کریں لیکن اسلام آباد کو بند نہ کریں۔

دانیال چودھری نے کہا کہ ہم نے بل میں طریقہ کار بتا دیا ہے کہ ایک ہی جگہ پر 10دھرنے کریں، اسلام آباد کو مکمل بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام کا تحفظ ہماری سب سے بڑی آئینی ذمہ داری ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کاکہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ضروری ہے، انہوں نے پوری دنیا میں ڈھنڈوراپیٹا پاکستان کے سیاستدان کرپٹ ہیں، ہم نے یہ نہیں بتایا کہ پاکستان میں انجینئرز،سائنسدان،ڈاکٹرز بھی ہیں ، کرکٹ ٹیموں کو بلانا دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں