پیپلزپارٹی کا 18 اکتوبر کو حیدر آباد میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نے 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی پر حیدرآباد میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سانحہ کارساز کی برسی پر حیدرآباد میں ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

فریال تالپور کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی قیادت، صوبائی وزراء، حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژنوں سے منتخب پارٹی کے ارکان اسمبلی، سینیٹرز اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا، صوبائی وزیر شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، جام خان شورو بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں 18 اکتوبر کو حیدرآباد جلسے میں بھرپور عوامی شرکت کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ فریال تالپور نے ہدایت کی کہ یقینی بنایا جائے کہ عوام کو جلسہ گاہ تک پہنچنے میں کسی قسم کی رکاوٹ اور زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں