بیروت کے جنوبی نواحی علاقے ضاحیہ پراسرائیلی فضائی حملے

بیروت : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج کی جانب سے بیروت کے جنوبی نواحی علاقے 'ضاحیہ' پر فضائی حملے جاری ہیں ۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے آج علی الصبح لبنانی دار الحکومت بیروت کے جنوبی نواحی علاقے ضاحیہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور ضاحیہ پر اسرائیلی حملوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی۔

لبنانی میڈیا نے بتایا کہ ضاحیہ میں حارہ حریک اور برج البراجنہ کے محلوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بیروت کی فضاؤں میں اسرائیلی جاسوس طیاروں نے بھی بکثرت پروازیں کیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے واضح کیا ہے کہ وہ اب جنوبی نواحی علاقے ضاحیہ میں اہداف پر حملے کر رہی ہے، اس دوران میں شویفات العمروسیہ کے محلے میں عمارتوں کو خالی کر دینے کے لیے نیا انتباہ جاری کیا گیا۔

اس انتباہی پیغام میں اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے جنوبی نواح میں ضاحیہ کی آبادی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ حزب اللہ کے زیر انتظام خطرناک تنصیبات کے قریب موجود ہیں، آپ کی اور آپ کے اہل خانہ کی سلامتی کے لیے ہم آپ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اپنی عمارتوں کو فورا خالی کر دیں اور ان سے کم از کم 500 میٹر کی دوری پر چلے جائیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملوں میں بیروت کے جنوبی نواح میں واقع ضاحیہ میں دو عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ، ان حملوں میں حزب اللہ کے دو کمانڈر جاں بحق ہو گئے جن میں ذو الفقار حناوی اور علی محمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کئی روز سے لبنان کے متعدد علاقوں پر شدید حملے کر رہی ہے جن کو حزب اللہ کا گڑھ شمار کیا جاتا ہے، ان حملوں میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کے علاوہ علی کرکی، ابراہیم عقیل، ابراہيم القبيسی، محمد سرور اور درجنوں دیگر کمانڈر شہید ہوئے۔

17 اور 18 ستمبر کو لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے ارکان کے زیر استعمال ہزاروں مواصلاتی آلات (پیجر اور واکی ٹاکی) کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا تھا، اس اچانک کارروائی کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق اور تقریبا 3000 زخمی ہو گئے تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں