عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت و کارکنان پر لاہور میں بغاوت کا مقدمہ درج

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے پر عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 200 کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ ریاست کے خلاف بغاوت، دہشت گردی اور اقدام قتل کی سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، حماد اظہر، سلمان اکرم راجا، غلام محی الدین، ایم پی اے شہباز، مسرت جمشید چیمہ، شیخ امتیاز، علی امتیاز، شبیر گجر سمیت دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمہ کے متن میں لکھا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل کے اندر سے ان رہنماؤں کو ریاست کے خلاف تشدد پر اکسایا، ان رہنماؤں نے کارکنوں کے ساتھ ریاست مخالف نعرے بازی کی اور توڑ پھوڑ کی، کارکنوں نے کانسٹیبل بلال کو زخمی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی چوک احتجاج: بانی پی ٹی آئی عمران خان پر منصوبہ بندی کا مقدمہ درج

ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا ہے کہ پولیس نے موقع سے 16 مشتعل کارکنوں کو حراست میں لیا، مشتعل کارکنوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

علاوہ ازیں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کرنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف لاہور کے دیگر تھانوں میں بھی مقدمات درج کرلیے گئے۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف تھانہ ملت پارک اور ہنجروال میں بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف تھانہ ہنجروال میں مقدمہ اے ایس آئی عقیل کی مدعیت میں درج کیا گیا، ہنجروال پولیس نے گزشتہ روز 5 کارکنوں کو احتجاج کیلئے نکلنے پر گرفتار کیا۔

تھانہ ملت پارک میں مقدمہ سب انسپکٹر حافظ عمران کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ 10 کارکنوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں