علی امین گنڈاپور کے خیبرپختونخوا ہاؤس سے غائب ہونے کے حقائق منظر عام پر آگئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خیبر پختونخوا ہاؤس سے غائب ہونے کے حقائق منظر عام پر آگئے۔

5 اکتوبر 2024 کو احتجاج کی آڑ میں اسلام آباد میں داخل ہونے والے علی امین گنڈا پور کے اچانک منظر عام سے غائب ہونے کی حقیقت آشکار ہوگئی، کے پی ہاؤس میں داخلے اور نکلنے کی خصوصی فوٹیج اور علی امین کے بھائی فیصل امین کی آڈیو کال منظر عام پر آگئی۔

خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کی خصوصی سی سی ٹی وی فوٹیج میں علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا ہاؤس کے گیٹ سے داخل ہوتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا ہاؤس میں کالی شلوار قمیض میں داخل ہوئے اور لباس تبدیل کر کے دوسرے رنگ کے سول کپڑوں میں بمعہ سول کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں کے ساتھ خیبر پختونخوا ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

دیکھا جا سکتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی اپنی مرضی سے اپنے حفاظتی اہلکاروں کے ہمراہ خیبر پختونخوا ہاؤس سے باہر جا رہے ہیں، ان نہ جھٹلانے جا سکنے والی تصاویر سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ علی امین گنڈاپور مظاہرین کو خود اپنی مرضی سے چھوڑ کر غائب ہوگئے۔

دوسری طرف اس خبر سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے چند عناصر عوام کی آنکھوں میں جھوٹ بول بول کردھول جھونک رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں