جماعت اسلامی کا جلد بڑی تحریک چلانے کا اعلان
گجرات: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ انشااللہ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی بڑی تحریک چلانے جا رہی ہے۔
گجرات میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں، ٹیکس کے نظام میں بلوں کی صورت میں ڈاکہ مار رہے ہیں، اب پاکستان کو اس کی منزل کی طرف لے کر جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں آئینی بحران موجود ہے، حکومت رات کے اندھیرے میں اپنی مرضی کا چیف جسٹس لگانا چاہتی ہے، قاضی فائز عیسیٰ کو اب الوداعی تقریب میں شرکت کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی بحران ہے، حکومت چاہتی تھی کہ مرضی کے جج، مرضی کے لوگ اداروں میں بٹھائے جائیں، چیف جسٹس پاکستان کو چاہیے کہ وہ باعزت راستہ اپنائیں اور ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کریں۔