شرجیل میمن کا ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم
کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو پر جاری ترقیاتی کام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ٹرانس کراچی کے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس نے ریڈ لائن بی آر ٹی کے منصوبے بارے بریفنگ دی، اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن، بین الاقوامی کنسلٹنٹس، کانٹریکٹرز اور دیگر نے شرکت کی۔
شرجیل انعام میمن نے ریڈلائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے لیے گیم چینجر ہے، ہمیں ہر حال میں اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا، ریڈ لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام جاری ہے، کام میں تیزی لائی جائے،ریڈ لائن بی آر ٹی کا مقصد ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور لاکھوں شہریوں کے لیے ایک پائیدار اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کا حل فراہم کرنا ہے، منصوبے پر کام کو تیز کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ایئر پورٹ کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو تیز کرنے کے لیے ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ بات چیت کو تیز کیا جائے، مزید تاخیر سے بچنے کے لیے درپیش تمام مسائل کو ایک ہفتے کے اندر حل کیا جانا چاہیے۔