شنگھائی کانفرنس پاکستان کیلئے اہم، غزہ کے معاملے پر بات ہونی چاہیے: نعیم الرحمان
فیصل آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے شنگھائی تعاون کانفرنس پاکستان کیلئے اہم ہے، ایس سی او کانفرنس میں غزہ کے معاملے پر بھی بات ہونی چاہیے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ صرف بھارت ہوگا جو غزہ کی بات نہیں کرے گا اور دنیا میں آئسولیٹ ہوگا، شنگھائی کانفرنس پاکستان کیلئے اہم ہے، معیشت کیلئے بھی اچھا شگون ہے۔
حق دو تحریک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات ماننے کے لیے 45 روز کا وقت دیا تھا، ہمارے دباؤ پر ہی حکومت نے 14 روپے فی یونٹ بجلی سستی کی، حکومت نے کہا تھا کہ ہماری آئی پی پیز سے بات چل رہی ہے، 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہو گئے، 18 سے بات چیت چل رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں وعدوں پر پیشرفت تیز ہو، ہم نہیں چاہتے ہر وقت ملک میں لڑائی جھگڑا ہو، آئینی ترمیم کے معاملے پر ہمارا مؤقف واضح ہے، نئے چیف جسٹس کے آنے پر آئینی ترامیم کے معاملے پر بات ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم جس بھی نوعیت کی ہو فائدہ حکومت کا ہونا ہے، شک وار مطالعہ کیوں ہو رہا ہے اسے مکمل مسترد ہونا چاہیے، اس میں جو بھی شامل ہو رہا ہے وہ کھیل کا حصہ بن رہا ہے، ہر سیاسی اور پرامن جماعت کو جلسے اور احتجاج کی اجازت ہونی چاہیے، ہم اس کو اپنا آئینی حق سمجھتے ہیں۔