آئی پی پیز نے معیشت تباہ نہیں کی، معیشت نے آئی پی پیز کو تباہ کردیا : شاہد خاقان

کراچی : (دنیانیوز) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کاکہنا ہے کہ آئی پی پیز نے معیشت تباہ نہیں کی، معیشت نے آئی پی پیز کو تباہ کردیا ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت پاکستان جو وعدہ کرتی ہے اس پر کھڑی نہیں رہتی، آپ کیسے ملک چلائیں گے؟، آپ کہتے ہیں 411ارب روپے بچ گئے، آپ کو 411ارب روپے کے پیچھے 4ہزار ارب ادا کرنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2014میں 16 ،16گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، آج پاکستان میں جو بجلی لگی ہوئی ہے وہ صرف 18ہزار میگاواٹ ہے، پاکستان 18ہزار میگاواٹ بجلی پر کھڑا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ مجھے پلانٹس کے نام زبانی یاد ہیں، کیپسٹی چارجز تقریباً 18روپے فی یونٹ بنتے ہیں، آج اگر ڈالر 100روپے کا ہوتا تو یہ 18روپے 6روپے ہوتے، پاکستان سال کے 90ارب یونٹس بناتا ہے، آپ کی کھپت بہت زیادہ ہے، ہم نے معیشت تباہ کردی ہے۔

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے کہاکہ اگر ڈالر 100روپے کا ہوتا تو معیشت گروتھ کررہی ہوتی، آج یونٹ 3روپے کا ہوتا، سارا پاکستان ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا ہوا ہے کہ آئی پی پیز پاکستان کو کھا گئے۔

ان کاکہنا تھا کہ ہمیں سمجھ نہیں ہے کہ دنیا اور ملک کیسے چلتے ہیں ، ہمیں سمجھ نہیں کہ مارکیٹ بیسڈ اکانومی کیا ہوتی ہے، آج بھی ہمارے کمزور ترین ریگولیٹر ہیں، کسی زمانے میں واپڈا ایک بہترین ادارہ تھا، آج کے مسئلے کو سمجھیں اور اس کا حل تلاش کریں یہی ساری بات ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں