خارجی دہشت گرد ملک میں عدم استحکام چاہتے ، سخت ایکشن لیا جائے: طاہر اشرفی
لاہور:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہرمحمود اشرفی نے خارجی دہشت گرد بی ایل اے کے لوگ ملک میں عدم استحکام چاہتے ان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے۔
اتوار کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جوں جوں پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے دہشت گردی کی جارہی ہے، دہشت گردی کرنے والوں کا تعلق کسی صوبہ یا کسی طبقہ سے نہیں۔
چیئرمین علما کونسل کا کہنا تھا کہ خارجی دہشت گرد بی ایل اے کے لوگ ملک کو غیرمستحکم اور پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ جس نے خود کش حملہ کیا وہ امریکی اسلحہ سے لیس تھا، اس کی وردی گن ٹوپی دیکھیں جو امریکہ جاتے ہوئے افغانستان میں چھوڑ گیا، ریاست پاکستان سےمطالبہ ہے دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کب تک بلوچستان حقوق کے نام پر انسانوں کے قاتلوں کو ہیرو بنایا جائے گا؟، جو دہشت گردوں کو مسنگ پرسن کے نام پر ہیرو بناتے ہیں انکے خلاف ایکشن لیا جائے، پاکستان کو سزا اس لئے دی جا رہی ہے وہ عالم اسلام کا عظیم ملک ہے۔