جعلی حکومت کچھ بھی کرے ان کا آخری وقت آپہنچا ہے: بیرسٹر سیف
پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کچھ بھی کرے ان کا آخری وقت آپہنچا ہے، احتجاج کی فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں احتجاج کی فائنل کال کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں، صرف عمران خان کی فائنل کال کا انتظار ہے، فائنل کال کا اعلان ہوتے ہی خیبرپختونخوا سے احتجاج کا بھرپور سلسلہ شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فائنل کال جعلی حکومت کے جنازے کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، جعلی حکومت کی سیاسی نعش علی امین گنڈاپور دفنائیں گے، جعلی حکومت کچھ بھی کرے ان کا آخری وقت آ پہنچا ہے، فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی مقدمات کا خاتمہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا، فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید جعلی راج کماری مریم نواز اور ان کے ابا جنیوا سے واپسی موخر کر کے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مرکزی اور منتخب اراکین کی گرفتاری جعلی حکومت کی فائنل کال سے حواس باختگی ظاہر کرتی ہے۔