امریکا : جان ریٹکلف سی آئی اے کے ڈائریکٹر نامزد
واشنگٹن: ( دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جان ریٹکلف کو سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کا ڈائریکٹر نامزد کردیا۔
آئندہ برس 20 جنوری کو صدارت کا عہدہ سنبھالنے سے قبل نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے گیارہ ہفتےکے دوران اپنی حکومت کے اہم عہدوں پر نامزدگیاں کررہے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیشنل انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جان ریٹکلف سی آئی اے ڈائریکٹر کے طور پر کام کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ریٹکلف نے ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں قومی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
واضح رہے کہ ریٹکلف پر ڈیموکریٹس اور سابق انٹیلی جنس اہلکاروں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ریپبلکن اتحادیوں کے ذریعے سیاسی مخالفین پر حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا، ریٹکلف کے دفتر نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریٹکلف نے ٹیکساس میں وفاقی پراسیکیوٹر کے طور پر انسداد دہشت گردی کے اپنے تجربے کو بڑھا چڑھا کر بھی پیش کیا تھا۔