پاکستانی پاسپورٹ مزید گراوٹ کے بعد دنیا میں 102 ویں نمبر پر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی پاسپورٹ مزید گراوٹ کے بعد دنیا میں 102 ویں نمبر پر آ گیا۔
پاسپورٹ کی رینکنگ کرنے والے عالمی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی حالیہ رپورٹ میں صومالیہ، یمن، بنگلہ دیش، فلسطین اتھارٹی، ایتھوپیا اور لیبیا جیسے ممالک کا پاسپورٹ بھی پاکستان سے بہتر قرار پایا جنہیں 101 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
اس طرح اِن ممالک کے شہری دنیا کے 38 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں جبکہ پاکستانی پاسپورٹ پر دنیا کے 34 ممالک کا سفر بغیر ویزا کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے پاسپورٹ کو دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے جس کے شہری 195 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں، دوسرے نمبر پر فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور سپین ہیں جن کے شہریوں کو 192 ممالک کا سفر بغیر ویزا رسائی حاصل ہے۔
دنیا میں سب سے کمزور پاسپورٹ افغانستان کا ہے، افغانستان کے شہری 28 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گرین پاسپورٹ کی مسلسل گراوٹ کی ایک وجہ بیرون ملک جانے والے وہ پاکستانی ہیں جو ملک کی موجودہ غیر یقینی سیاسی اور معاشی صورتحال کے باعث غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ خلیجی ممالک میں بھی پاکستانیوں کی بڑی تعداد غیر قانونی طور پر مقیم ہے جن میں سے بیشتر افراد نے گداگری کا پیشہ اختیار کر رکھا ہے، سعودی عرب اور یو اے ای میں گداگری جرم ہے اور سعودی عرب کی جیلیں گداگری کا پیشہ اختیار کرنے والے پاکستانیوں سے بھری پڑی ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ کو سب سے زیادہ نقصان پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں نے پہنچایا جنہوں نے پاسپورٹ حکام سے رشوت کے عوض پاکستانی پاسپورٹس حاصل کئے۔