نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کیخلاف بلا امتیاز ایکشن کا حکم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران و اہلکاروں کیخلاف بلاامتیاز سخت ایکشن کا حکم دے دیا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وفاقی وزیر مواصلات کو اہم محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔

دوران اجلاس بیلا سے آواران اور ژوب سے لورالائی کی شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبے پر غور کیا گیا، اجلاس میں چاروں صوبوں میں این ایچ اے کے زیر تکمیل منصوبوں پر غوروخوض کیا گیا اور کام کی رفتار بڑھانے سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں این ایچ میں کرپٹ افسران کا معاملہ بھی سامنے آیا جس پر وفاقی وزیر مواصلات نے چیئرمین این ایچ اے کو کرپٹ افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے چیئرمین این ایچ اے کو اتھارٹی میں بڑے پیمانے پر آپریشن "کلین اپ" کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بد عنوانی میں ملوث افسران کو فارغ کریں، اپنی سیٹوں پر نظر نہ آئیں، کوئی سفارش نہ مانی جائے، تمام سیٹوں پر اہل اور قابل افسران تعینات ہونے چاہئیں۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ لاہور، سیالکوٹ اور کھاریاں سے اسلام آباد موٹروے کو 4 کی بجائے 6 " لین "کا ہونا چاہیے، این ایچ اے موٹرویز پر بیریئرز ختم کرنے اور الیکٹرانک ٹول پلازوں کی تجویز کے منصوبے پر کام کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھی این ایچ اے کے ساتھ نئی سڑکوں اور ہائی ویز کی تعمیر میں شامل ہو سکتے ہیں، تمام شاہراہوں اور موٹرویز کو کیمروں اور سی سی ٹی وی سے منسلک کیا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں