اسلام آباد ہائیکورٹ کا این اے 48 کی الیکشن ٹریبونل کارروائی بھی روکنے کا حکم

اسلام آباد : (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 47 کے بعد این اے 48 کی الیکشن ٹریبونل کی کارروائی بھی روکنے کا حکم دےد یا۔

چیف جسٹس اسلام آبا دہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی درخواست پر سماعت کی، علی بخاری اور دیگر وکلاء عدالت پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 48 سے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے علی بخاری کی الیکشن پٹیشن کی حد تک بھی الیکشن ٹریبونل کو کارروائی سے روک دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ این اے 46 کی حد تک الیکشن ٹریبونل کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔

عدالت عالیہ نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا، کیس کی آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے راجہ خرم شہزاد نواز رکن قومی اسمبلی بنے، علی بخاری نے خرم شہزاد نواز کی کامیابی کیخلاف اپیل سننے والے الیکشن ٹریبونل کو چیلنج کر رکھا ہے، جسٹس(ر) عبدالشکور پراچہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیل سن رہے ہیں۔

الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کیس 24 دسمبر کے لئے مقرر کر رکھا ہے لیکن عدالت حکم کے بعد الیکشن ٹریبونل اب دو حلقوں این اے 47 اور 48 سے متعلق کارروائی آگے نہیں بڑھا سکے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں