سیاسی ٹمپریچرکا نیچے آنا ضروری، گرفتار ورکرز رہا کیے جائیں: فواد چودھری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی ٹمپریچرکا نیچے آنا ضروری، گرفتار ورکرز کو رہا کیا جائے۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور علی امین گنڈا پورملاقات کےنتیجے میں مذاکراتی کمیٹی بنی، بات چیت ایک مثبت پیشرفت ہے،مذاکرات سامنےبھی ہوتے ہیں اور بیک اینڈ پر بھی ہوتے ہیں جو زیادہ اہم ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لگ رہا ہےکہ حکومت عدالتی کمیشن بنانے پر تیار ہے، فواد چودھری سیاسی ٹمپریچرکا نیچےآنا انتہائی اہم ہے، حکومت کوسیاسی ورکرزکو فوری طور پر ریلیزکرنا چاہیے، یہ کہنا درست نہیں کہ پی ٹی آئی کےسارے حربے ناکام ہوئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان کوریلیف ملتا ہے تو پی ٹی آئی کی تمام چیزیں ٹھیک ہوجائیں گی، اگرحکومت بانی کورہا کرنے پر تیارہو تو پی ٹی آئی ہر چیز کمپرؤمائز کرے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی اگرمذاکرات سے ورکرز کے لیے ریلیف لے تو بڑی کامیابی ہوگی،مجھے نہیں پتہ مجھ سے لوگوں کو کیا گھبراہٹ ہے، میں پی ٹی آئی کی ترجمانی نہیں اپنی بات کر رہا ہوں، تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کنفوژ اور خوفزدہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سےملاقات کےدوران میں نے موجودہ قیادت کو ہٹانے سے متعلق بات نہیں کی، بانی پی ٹی آئی سےملاقات میں ملکی صورتحال پربات ہوئی، پارٹی معاملات پر نہیں، یہ لوگ نااہل ہیں ہرایک سےخوفزدہ ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جو میرے بارے میں کہتے ہیں کہ ہماری ترجمانی نہیں کریں گے، کسی کا دماغ خراب جو گوہر،سلمان اکرم راجہ کی ترجمانی کرے گا، وہ توخود اپنی ترجمانی کے قابل نہیں، ہم صرف بانی پی ٹی آئی کوجانتےہیں باقی کسی کی پرواہ نہیں۔