ایبٹ آباد میں اغوا ہونے والی ڈاکٹر کی چار روز بعد لاش مل گئی، ہسپتالوں میں ہڑتال
ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) ایبٹ آباد میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے مبینہ اغواء ہونے والی ڈاکٹر وردہ کی لاش لڑی بنوٹا کے مقام سے مل گئی۔
پولیس کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر وردہ 4 دسمبر کو اپنی دوست کے ساتھ گاڑی میں ہسپتال سے گئی تھیں، ڈاکٹر وردہ نے 67 تولہ سونا اپنی دوست کے پاس امانت کے طور رکھوایا تھا۔
ڈاکٹر وردہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر وردہ کی دوست خاتون ردا ، شوہر اور ڈرائیور سمیت 9 افراد زیر حراست ہیں، ملزمہ خاتون ردا نے دوست ڈاکٹر کو کرائے کے قاتلوں کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا، نشاندہی پر ایک ملزم گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم فرار ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پولیس کا ٹھنڈیانی کے جنگلات میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری طرف ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کر دی ہے، ہری پور میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کا احتجاج جاری ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں او پی ڈی سمیت تمام سروسز بند کر دی گئیں۔
ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈھینڈا روڈ بھی بند کر دیا، مظاہرین نے قاتلوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرنے اور ڈی پی او ایبٹ آباد اور ایم ایس ہسپتال کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔