جوڈیشل کمیشن کے 3 الگ الگ اجلاس آج سپریم کورٹ میں ہوں گے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جوڈیشل کمیشن کے 3 الگ الگ اجلاس آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر غور ہوگا جن میں جسٹس محمد آصف، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس شامل ہیں۔

دوسرا اجلاس بلوچستان ہائیکورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر ہوگا، جوڈیشل کمیشن جسٹس ایوب خان اور جسٹس نجم الدین مینگل کو مستقل کرنے پر غور کرے گا، جبکہ تیسرے اجلاس میں آئینی عدالت اور ہائی کورٹس میں ججز کی تعیناتیوں کا فریم ورک زیرغور آئے گا۔

اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتی سے قبل امیدواروں کے انٹرویوز کا طریقہ کار بھی ایجنڈے میں شامل ہے، وفاقی آئینی عدالت میں مزید ججز کی تعیناتی کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا، آرٹیکل 175 اے کی شق چار میں ججوں کی تقرری سے قبل انٹرویوز کرنے کا ذکر ہے، تاہم جوڈیشل کمیشن رولز 2025 میں امیدواروں کے انٹرویو کا طریقہ کار نہیں دیا گیا، ہائیکورٹس میں آئینی بنچز کیلئے ججز کی نامزدگیوں کا طریقہ کار بھی زیر غور آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں