جاپانی حکومت جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کیلئے 18.62 ملین ڈالر گرانٹ دے گی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان اور جاپان کے درمیان بچوں کی صحت کی سہولیات کیلئے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق جاپانی حکومت جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے لئے فنڈز فراہم کرے گی، جاپانی انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جائیکا 2.91 ارب جاپانی ین یعنی تقریباً 18.62 ملین ڈالر گرانٹ دے گی۔

ترجمان اقتصادی امور نے بتایا کہ منصوبے کے تحت چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کو طبی سہولیات کے لحاظ سے اپگریڈ کیا جائے گا، آئی سی ایچ ملتان ریجن کا سب سے بڑا چائلڈ ٹرشری کیئر اسپتال ہے اس میں سہولیات کی فراہمی کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایکسچینج آف نوٹس پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے دستخط کئے، جاپان کی طرف پاکستان میں تعینات سفیر اکا ماتسو شوئچی نے ہوئے دستخط کیے۔

سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا ہے کہ جاپانی حکومت اور عوام کی قیمتی معاونت کو سراہتے ہیں، منصوبے کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، دونوں ممالک کے درمیان مزید بامعنی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اس موقع پر جاپانی سفیر اکا ماتسو شوئچی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے، دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں