بشریٰ بی بی کی بیٹی کی والدہ سے ملاقات کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (دنیا نیوز) لاہورہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی بیٹی کی جانب سے والدہ سےملاقات کی اجازت کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درخواست لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں دائر ہونی چاہیے تھی۔ رجسٹرار آفس کے اعتراض کے باوجود جسٹس فاروق حیدر مبشرہ مانیکا کی درخواست پر آج بطور اعتراض سماعت کریں گے۔

درخواست گزارکی جانب سےمؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ جیل رولز کے تحت انہیں اپنی والدہ سے ملاقات کا مکمل حق حاصل ہے، جبکہ جیل شیڈول کے مطابق ہر منگل کے روز قیدیوں کی فیملی سے ملاقات کا دن مقرر ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو والدہ سے ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے، درخواست گزار کے مطابق والدہ بشریٰ بی بی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور مبشرہ خاور ان کی حقیقی بیٹی ہیں۔

درخواست میں مزیدکہا گیا ہے کہ بار بار کوششوں کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل والدہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے، جس کے باعث بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، عدالت کی جانب سے رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر فیصلہ اور درخواست پر آئندہ کارروائی سماعت کے بعد متوقع ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں