گل پلازہ میں زندگیاں بچاتے جامِ شہادت نوش کرنے والے فائر فائٹر کی نمازِ جنازہ ادا
کراچی: (دنیا نیوز) گل پلازہ میں لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے فائر فائٹر شہید فرقان علی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فرقان ایک بچے کا باپ تھا جو گل پلازہ میں لگی آگ بجھاتے ہوئے انتقال کرگیا، فرقان علی کے اہل خانہ نے اپیل کی ہے کہ ان سے سرکاری گھر نہ لیا جائے اور فرقان کی اہلیہ کو ملازمت دی جائے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ فائر فائٹر فرقان علی کو سول ایوارڈ دیا جائے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کےگل پلازہ میں لگی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طورپربجھادی گئی، سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14ہوگئی جب کہ 22 افراد زخمی ہوئے۔
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب لگی، گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچی، خوفناک آتشزدگی سے عمارت کے کئی حصے گرگئے۔