شہباز شریف اور مریم نواز کیخلاف نیب کی درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی گئیں

لاہور:(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواستیں غیر موثر ہونے پر نمٹا دیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نیب کی درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران نیب کے سینئر پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف 2023 میں آشیانہ ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس سے بری ہو چکے ہیں، اس لیے ان کے خلاف دائر نیب کی درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے۔

عدالت نے نیب کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی، اسی طرح لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے چیئرمین نیب کی جانب سے دائر مریم نواز سے متعلق درخواست پر بھی سماعت کی۔

نیب کے سینئر پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز نیب کے کیس میں بری ہو چکی ہیں لہٰذا نیب کی درخواست غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دی جائے، عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا جبکہ نیب نے مارچ 2021 میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں