مارکیٹیں رات 8 بجے بند، وزیراعلیٰ بلوچستان کا عوام کیلئے سبسڈی کا اعلان
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے صوبے بھر کے عوام کے لیے سبسڈی کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہمسائے میں جنگ چل رہی ہے اس کے اثرات یہاں پڑ رہے ہیں، عوام کو سبسڈی دینے جا رہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف بہتر انداز میں پاکستان کو لے کر چل رہے ہیں جو قابل تحسین ہے، وفاقی حکومت گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سبسڈی دے رہی ہے، 15 دن کے لئے گاڑیوں کی رجسٹریشن مفت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبہ بھر کے کسانوں کو پٹرول، ڈیزل پر سبسڈی دیں گے، سبسڈی تھریشر مشینوں کے استعمال پر دی جائے گی، کوئٹہ اور تربت میں گرین بس سروس فری کر رہے ہیں، پٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس پیز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں گے، غیر ملکی سامان کی چیکنگ کرنا پولیس کا نہیں کسٹمز کا کام ہے، مشاورت کے بعد پیر سے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شادی ہالز اور ہوٹل 10 بجے تک کھلے رہیں گے، سکول بند کئے تو لوگ پکنک منانے نکل گئے، عوام کو سوچنا چاہیے کہ ملک سنگین بحران سے گزر رہا ہے، محکمہ خزانہ کا دفتر بند کرکے ورک فرام ہوم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بھی سٹاف کم کیا ہے، سرکاری گاڑیوں کے پٹرول پر کٹ لگایا ہے، 400 ملازمین سی ایم ہاؤس سے ایس اینڈ جی اے ڈی کو واپس کردیئے، ہم کوئی لاک ڈاؤن نہیں لگا رہے، صرف رات 8 بجے مارکیٹوں کو بند کریں گے۔
سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی بچت کی ہے، انہوں نے کہا کہ جو سرکاری گاڑیاں دفتری اوقات کے بعد بازاروں میں نظر آئیں ان کی ویڈیوز بناکر بھیجیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی پٹرول، ڈیزل گاڑیاں نیلام کرکے الیکٹرک گاڑیاں خریدیں گے، بتدریج سوائے ایمرجنسی سروسز کے دیگر محکموں کی گاڑیوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیاں لائیں گے۔