517 بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچ گئے
گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) بابا گورو ارجن دیو جی کی برسی کی سالانہ تقریبات 2026 میں شرکت کے لیے 517 بھارتی سکھ یاتری فول پروف سکیورٹی میں قافلے کی صورت میں گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچ گئے۔
یاتریوں کی آمد پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی، آر پی او خرم شہزاد وڑائچ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر سکھ یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ پھول نچھاور کرکے پنجاب، پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یاتریوں کی سہولت، سکیورٹی اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیلتھ کیمپ، ہیٹ ویو کیمپ اور ریسکیو سروسز کی فراہمی کے لیے خصوصی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
بابا گورو ارجن دیو جی کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتری مذہبی رسومات اور دعائیہ تقریبات میں حصہ لے رہے ہیں، گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد سکھ مذہب کے اہم ترین مقدس مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر سال بڑی تعداد میں یاتری حاضری دیتے ہیں۔
سکھ یاتریوں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مثالی انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔