دوبارہ اقتدار میں آیا تو قطر کو دشمن ریاست قرار دوں گا: نفتالی بینیٹ
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوئے تو قطر کو فوری طور پر دشمن ریاست قرار دیں گے۔
نفتالی بینیٹ نے الزام عائد کیا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو انہیں معلومات دی گئی تھیں کہ قطر ایران کے پاسدارانِ انقلاب اور حماس کی مالی معاونت کر رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ قطر نے امریکی یونیورسٹیوں میں نوجوان نسل پر اثرانداز ہونے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جس کے نتیجے میں طلبہ میں "فرام دی ریور ٹو دی سی" جیسے نعروں کی سوچ کو فروغ ملا۔
سابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قطر کا اثر و رسوخ مغربی ممالک سمیت اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر تک پھیل چکا ہے اور اس کا مقصد اسرائیل کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو قطر کو فوری طور پر دشمن ریاست قرار دیں گے۔
واضح رہے کہ نفتالی بینیٹ ماضی میں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جماعت سے وابستہ رہے اور ان کے چیف آف اسٹاف بھی رہے۔ بعد ازاں وہ جماعت سے علیحدہ ہو گئے اور 2021 سے 2022 تک اسرائیل کے وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments