حج پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ، پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ میں تیزی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ مذہبی امور کی ہدایت پر بیشتر حج منظم کمپنیوں نے اپنے حج پیکیج ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کر دیئے، پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ میں تیزی آ گئی۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 16 بنیادی حج پیکیج فائنل کیے گئے ہیں، رواں برس پرائیویٹ حج سکیم کے پیکیج 14 لاکھ سے ساڑھے 37 لاکھ روپے کے درمیان ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ سکیم میں مختصر دورانیے، بیرون ملک سے براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار حج پیکیج کے انتخاب کی سہولت موجود ہے۔

ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ پرائیویٹ عازمینِ حج پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کریں، کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقم کی ادائیگی کی صورت میں وزارت کسی نقصان کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق رواں برس پرائیویٹ حج سکیم کے لیے 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقررہ تاریخ تک کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں وزارت کو ازسرِنو کوٹہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...