سندھ میں نئے صوبوں اور تقسیم کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی نے سندھ کی کسی بھی قسم کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹ کے قیام کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
قرارداد پیپلز پارٹی کے نثار احمد کھوڑو نے ایوان میں پیش کی، جسے ایوان میں موجود ارکان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، قرارداد کی منظوری پر پیپلز پارٹی کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے جبکہ ارکان کے ہاتھوں میں ”سندھ دھرتی ماں ہے“ کے بینر بھی تھے۔
قرارداد کے متن کے مطابق سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، سندھ کی تقسیم یا حدود میں تبدیلی کی ہر تجویز مسترد کرتے ہیں، سندھ کے کسی ضلع، ڈویژن یا علاقے کو الگ کرنے کا منصوبہ قبول نہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ کا کوئی حصہ الگ یا وفاقی انتظام کے تحت دینے کی مخالفت کرتے ہیں، سندھ کی وحدت اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سندھ کی حدود میں تبدیلی پر اسمبلی آئینی اختیار استعمال کرے گی۔
متن کے مطابق وفاق کی تمام اکائیوں کے آئینی حقوق اور سالمیت کا احترام کیا جائے، وفاق کی تشکیل نو سے متعلق کوئی بھی بحث آئین اور عوامی رضامندی کے تحت ہونی چاہیے۔
قرارداد میں وفاقی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ سندھ کے عوام کے جمہوری فیصلے کا احترام کیا جائے، سندھ کی وحدت سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہے جبکہ سندھ کی تاریخی، آئینی اور علاقائی شناخت کا تحفظ کیا جائے گا۔
سندھ اسمبلی کی قرارداد صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments