اسحاق ڈار کا نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے رابطہ، عہدے سنبھالنے پر مبارکباد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور انہیں اسلامی تعاون تنظیم کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جبکہ نومنتخب سیکریٹری جنرل مسلم امہ کے مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت مشترکہ امور کے حل کیلئے او آئی سی کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ترجمان کے مطابق او آئی سی سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی حمایت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔
اسماعیل ولد شیخ احمد نے ایران تنازع ختم کرانے کیلئے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل نے اسحاق ڈار کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو علاقائی امن و سلامتی کیلئے اہم قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے او آئی سی کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ اسحاق ڈار اور او آئی سی سیکریٹری جنرل کی جلد ملاقات اور مسلسل رابطے پر بھی اتفاق ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments