حکومت کے پاس پٹرولیم لیوی ختم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں: حافظ نعیم الرحمان
لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کے پٹرولیم ریلیف پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، عوام کو خیرات نہیں بلکہ ان کا حق دیا جائے
وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومتی ریلیف پیکیج کی تفصیلات سامنے آنے پر معلوم ہوا کہ یہ بھی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ تین ماہ میں قوم کو 75 ارب روپے کا فائدہ دیا جائے گا جب کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں حکومت 1567 ارب روپے وصول کر چکی ہے۔ جب تک لیوی کا یہ ’’بھتہ‘‘ ختم نہیں ہوگا، مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے ملک بھر میں جاری ہیں، دھرنے بھی جاری رہیں گے اور اسلام آباد میں تاریخی مارچ بھی ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ پورے ملک میں نکلیں اور عوام کو لانگ مارچ کے لیے تیار کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کہ ہمارے کارکنوں نے عوام میں شعور پیدا کیا ہے، جبکہ مسلط حکمران طبقہ غنڈہ ٹیکس کی صورت میں عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول سستا ہوگا تو مہنگائی کی شرح کم ہوگی۔
اُن کا سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید کمی نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صرف 3 فیصد شرح سود کم کرکے پٹرولیم لیوی سے زیادہ رقم جمع کی جاسکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سود میں کمی سے ملکی خزانے اور عوام دونوں کو فائدہ ہوگا۔ ان کے مطابق حکمران طبقہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے خلاف جنگ کر رہا ہے۔
چینی کی قیمتوں کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مصنوعی قلت پیدا کرکے چینی کی قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں، پھر یہی طبقہ چینی درآمد کرتا ہے اور اسے ٹیکس چھوٹ ملتی ہے، لیکن چینی ملک میں پہنچنے کے باوجود قیمتوں میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔بعد ازاں چینی برآمد کردی جاتی ہے، عوام کے لیے چینی کی قیمتیں جبکہ مافیاز کے لیے کمیشن بڑھ رہا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ مفاد پرست طبقہ عوام کو حقیقی ریلیف نہیں دینا چاہتا اور اس طبقے کا پورا کارٹیل بن چکا ہے۔ ظلم کے اس نظام کو گرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments