کے پی کا بُرا حال، پی ٹی آئی عمران خان کے بیانیہ میں مصروف ہے: علی شاہ باچا
پشاور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی، امن و امان، کرپشن، ترقی اور گورننس کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے صرف سیاسی سرگرمیوں اور عمران خان کے بیانیے پر زور دیا جا رہا ہے، جس کا نقصان بالآخر خیبر پختونخوا کے عوام اور نوجوانوں کو ہو رہا ہے۔
پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے، پشاور سے آبائی حلقے میں ڈیرے ڈالنے کے بعد چارسدہ اور باجوڑ جانے کا پروگرام ہے، جبکہ دیگر علاقوں کے دورے بھی کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں پی ٹی آئی کی قیادت پہنچ رہی ہے وہاں دوسری سیاسی جماعتیں جلسہ نہیں کر سکتیں، احتجاج نہیں کر سکتیں اور کوئی اجتماع بھی نہیں کر سکتیں، یہ سوال ہونا چاہیے کہ اس صورتحال کا نقصان کس کو ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال موجود ہے، گورننس کے مسائل ہیں اور کرپشن بھی ہو رہی ہے، لیکن ان معاملات پر توجہ دینے کے بجائے نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے اور ان کے ذہنوں میں نفرتیں اور اختلافات پیدا کئے جا رہے ہیں۔
محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ آج صوبے کی حالت سب کے سامنے ہے، روزگار اور ترقی ختم ہو رہی ہے، روزانہ جنازے اٹھ رہے ہیں، سکیورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکار شہید ہو رہے ہیں، عوام نے پی ٹی آئی کے لوگوں پر اعتماد کر کے انہیں منتخب کیا، لیکن وہ اس کے باوجود ڈیلیور نہیں کر پا رہے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی باتوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی یا حکومت صوبے میں کسی سیاسی مداخلت یا تبدیلی کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے خیال میں حکومت صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج چاہتی ہے تو سوال یہ ہے کہ وہ ایسا کیوں چاہے گی، پی ٹی آئی صوبے سے دہشت گردی ختم کرنے، ترقی لانے اور کرپشن کے خاتمے کی کوشش کرے اور گورننس کے مسائل پر توجہ دے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments